کشن گنج 2/ اکتوبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند ضلع کشن گنج کے صدر اور ادارہ مکیہ کشن گنج کے بانی و مہتمم مولانا الیاس مخلص نے آج جمعۃ المبارک کو مسجد ابوبکر صدیق رحمانی کالونی کشن گنج میں خطبہئ جمعہ میں انسانیت کا پیغام دیااور تمام انسانوں کی کامیابی کا ذریعہ آخری نبی کی پیروی کو بتایا۔
انہوں نے مجمع عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگو! اگر تم اللہ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہو، خواہ تمہارا تعلق کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو، اگر تم اپنے پیدا کرنے والے سے محبت کرتے ہو،تم اگر یہ کہتے ہو کہ ہم اپنے اللہ سے، اپنے گاڈ سے، اپنے ایشور سے اور اپنے خالق سے محبت کرتے ہیں تو تمہاری محبت کے سچی ہونے کی دلیل تبھی ہوگی جب تم اللہ کے بھیجے ہوئے آخری رسول محمد عربی ﷺ کی اطاعت کرو، اگر تم محمد ﷺ کی اطاعت نہیں کرتے ہو تو تمہاری محبت کا دعویٰ جھوٹا ہوگا اور مسلمانوں کی کامیابی صرف اور صرف محمد ﷺ کی سیرت اور ان کی زندگی اور ان کے نقش قدم پرچلنے میں ہے،
انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانو! اگرتم اچھی زندگی گزارنا چاہتے ہو تو نبی ﷺ کی زندگی سے سبق حاصل کرو، اگر اچھا سیاست داں بننا چاہتے ہو تو محمد ﷺ کی سیاست کو سیکھو، تم اگر تجارت کرنا چاہتے ہو تو محمد ﷺ کی تجارت سیکھو، تم اگر زراعت کرنا چاہتے ہو تو محمد ﷺ کی سیرت کو جانو، تم ملازمت کرنا چاہتے تو محمدؐ کی سیرت سے روشنی حاصل کرو، تم اگر اچھے شوہر بننا چاہتے ہو تو نبی پاک ﷺ کی شوہر والی زندگی اپناؤ، تم اگر اچھے باپ بننا چاہتے ہو تو نبی ﷺ جیسی شفقت و مروت پیدا کرو، تم اگر اچھے پڑوسی بننا چاہتے ہو تو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق اپناؤ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں