مسلم لیگ رکن پارلیمان پی کے کنہالی کوٹی کا ریاستی حکومت کو مکتوب۔ عبدالغنی ریاستی جنرل سکریٹری تلنگانہ کا وفد کے ہمراہ کلکٹریٹ پر دھرنا
نظام آباد(پریس نوٹ)عبدالغنی انڈین یونین مسلم لیگ ریاستی جنرل سکریٹری تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان میں معین آبادعصمت ریزی و قتل واقعہ کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے بتایاکہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت میں جہاں مسلمانوں کی عبادت گاہوں اور املاک کو مسلسل نشانہ بنایاجارہا تھا اب ملت کی ماؤں بیٹیوں کی عصمتوں سے کھیلنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جس کی انڈین یونین مسلم لیگ سختی سے مذمت کرتی ہے اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ اور بالخصوص عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں بیان بازی کرنے کے بجائے ٹھوس اقدامات بجالائیں دیگر صورت مسلم لیگ ریاستی سطح پر شدید احتجاج کرے گی۔
عبدالغنی ریاستی جنرل سکریٹری نے بتایاکہ مذکورہ دل دہلادینے والے واقعہ کی اطلاع مسلم لیگ رکن پارلیمان جناب پی۔ کے۔ کنہالی کوٹی کو دی گئی جس پر معزز رکن پارلیمان نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے فوری ریاستی حکومت بالخصوص ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر اور وزیر داخلہ محمدمحمود علی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس مذموم واقعہ میں ملوث ٹی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے لیڈر مدھویادو کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے۔
معزز رکن پارلیمان نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ دیگر طبقات بالخصوص مسلمانوں کے جان و مال اورعزتوں کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کوروبہ عمل لائیں اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر کریں تاکہ عام شہریوں کو عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔ایک نابالغ مسلم لڑکی نازیہ بیگم کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے والے ٹی آر ایس لیڈر مدھویادو کو ایسی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کی جرأت نہ کرسکے۔ واضح رہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ نظام آباد کی جانب سے آج کلکٹریٹ نظام آباد پر ایک احتجاجی دھرنا منظم ہوا جس میں عبدالغنی کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع کلکٹر سی نارائناریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے رکن پارلیمان کا چیف منسٹر کو جاری مکتوب حوالے کیا۔
اس موقع پر عبدالغنی ریاستی جنرل سکریٹری نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مدھویادو کے خلاف نربھئے قانون کے تحت کاروائی کرے اس کے علاوہ سال2019ء میں پیش آئے ویٹرنری ڈاکٹر عصمت ریزی وقتل واقعہ کے ملزمین کی طرح مدھویادو کو بھی عبرتناک سزا دی جائے۔انہوں نے معصوم و غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی نازیہ بیگم کے افراد خاندان کو بطور ایکس گریشیاء 25 لاکھ روپیئے اور ڈبل بیڈ روم ہاؤز، افراد خاندان میں سے کسی ایک کو سرکاری ملازمت دینے کا پُرزور مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ قائدین شیخ مجاہد، مرتضیٰ حسین، سید غوث الدین، محمدفاروق، شکیل ہاشمی کے علاوہ دیگر کارکنان موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں