محمدصدعالم نعمانی صدرجمعیت علماءسیتامڑھی وبانی مہتمم جامعہ نعمانی ہرپورواعالم نگرباجپٹی سیتامڑھی بہار
اےاللہ، اے ساری کائنات کے شہنشاہ، اے ارحم الراحمین، اے مالک دوجہاں،اے رب العلمین، اےہمارے پالنےوالےسب تیرے سامنےہاتھ پھیلا کرگرگرا کررحم کی بھیک مانگ رہے ہیں،اے اللہ ہمیں معاف فرما،اے اللہ ہم پر اپنا فضل فرما،کرم فرما، ہماری خطاؤں کو درگذر فرما، اے اللہ ہم نےتیری قدرت کو تسلیم کیاہے ، اے اللہ تیری طاقت کومانا ہے ، اے اللہ تیرےغضب کااثر دیکھا ہے،اے اللہ تیرے بھیجے ہوئےایک معمولی سے کیڑے نے دنیائے انسانیت کی راتوں کی نیند اور دن کا سکون چھین لیا ہے، اے اللہ وہ کیڑا ہم انسانوں کو لقمہ اجل بنارہاہے ، اے اللہ چین سے لیکر اٹلی تک ، امریکہ سے لیکر ایران تک، عرب سے لیکر عجم تک ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں، اے اللہ اس ایک معمولی سے کیڑے سے نمٹنے کےلئےساری انسانی طاقتیں تدابیریں کررہیں ہیں،مگر لاکھ کوششوں کے باوجود بھی ناکامیاب ہیں،
اے اللہ صرف تو ہی انسانوں پر رحم فرما سکتاہے ،اےاللہ توہی اس کروناوائرس کو ختم کرسکتاہے،اے اللہ یقینا ہم نے تیرے حکموں کی نافرمانی کی ہے ،اے اللہ تیرے حکموں کی پامالی کی ہے، اے اللہ تیرے ساتھ سرکشی کی ہے ،
اےاللہ ہماراجرم ناقابل معافی ہے، کیوں کہ ہمارے حکمرانوں نے اپنےکرسی اقتدارکےلئےلاکھوں انسانوں کاناحق خون بہایا ہے، اےاللہ تیرے بندوں کو حقیر سمجھا ہے، اےاللہ ہمارے حکمرانوں نےجانے،اَن جانے میں خودخدا بن کرتیری زمین پر اپنی مرضی چلاناشروع کردیا ہے،کون زندہ رہےگا، کون مرے گا ،کون ملک میں رہیگا،اورکس کی ملک بدری ہوگی، طے کرنے لگا ہے، اےاللہ تونے انصاف کا حکم دیا، لیکن ہمارےحکمرانوں نےانصاف کا خون کرنا شروع کردیا ،تونے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا،اورانسانوں نے ایسی ایسی انسانیت سوز حرکتیں کیں، جس سے انسانیت شرمسارہوگئیں ، انسانوں نے ایسے ایسے گھنونے کام کرنے شروع کردیئےکہ شیطان بھی شرمندہ ہوگیا،انسانوں کو فحاشی عریانیت،جنسی انارکی کرتے ہوئے بھی شرم نہیں آرہی ہے، اے اللہ اس سرکشی پر تو نے ہماری سرکوبی کے لئےایک وائرس کروناکی شکل میں بھیج دیا ہے، یہ وائرس نہیں گویا یہ موت کا پیامبر ہے ، اےاللہ مان لیاتیری طاقت کو، اے اللہ بچالے اس کرونا وائرس کےقہر سے پورے عالم کےانسانوں کو،
اے اللہ ہم سب کو معلوم ہےکہ توقہار بھی ہے،اورجبار بھی ہے، جس کوپکڑتا ہے، اس کو برباد کرکےہی چھوڑتا ہے، لیکن تو رحمن بھی ہے، اوررحیم بھی ،تو نےدن رات ہمارےاوپررحم وکرم کی بارش برسایاہے،تو ہی تو ہمیں کھانادیتا ہے، پانی دیتا ہے ،گھراورمکان دیا ہے،اور پہننے کوکپڑے دیئےہیں، دھوپ اور چھاؤں دیاہے، اےاللہ ہم کو معلوم ہےکہ تونےحضرت ابراہیم علیہ السلام کو دہکتی آگ سے بچایا ہے، حضرت اسماعیل علیہ السلام کو دھاردار چھڑی سے بچایا ہے، تونے یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ میں سے زندہ بچایاہے،تونےٹھاٹھے مارتے ہوئے سمندر سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو صحیح سلامت پارکیاہے، اے اللہ ہم کومعاف فرما،اے اللہ ہم انسانوں کواس مہلک کروناوائرس سے بچالے، اے اللہ اس سےنجات بخش دے، اےاللہ ہمیں اپنی حیثیت معلوم ہے،اےاللہ ہمارے اختیار میں ہمارے ہاتھ ، منھ، ناک ،کان اور آنکھیں بھی نہیں ہیں، تب ہی تو ہمیں اپنے ہی ہاتھوں سےاپنی آنکھیں، منھ، ناک، اورکان، چھونے میں بھی ڈرلگتا ہے ، اےاللہ امریکہ نےیہ غلط دعوی کیا تھاکہ دنیامیں سوپر پاورہم ہیں، اے اللہ سوپر پاورامریکہ نہیں صرف تیری ذات ہے، اے اللہ اب تو ہمیں اپنےجیسے انسانوں سےبھی ملنے میں ڈر لگتا ہے،کہ پتہ نہیں وہ آستین میں کروناوائرس لےکرتو نہیں آگیا ہے، اےاللہ ہم انسانوں نےاس کروناوائرس کےخوف سے، بھیڑ بھاڑ، پارکوں، کلبوں،اور دینی اجتماعات حتی کہ تیری عبادت گاہوں میں بھی جانا چھوڑدیاہے، اے اللہ سب سے زیادہ ڈرتوان دوستوں سےلگتا ہے، جن کے بانہوں میں بانہیں ڈال کر چلتے تھے،ہفتوں ہوئےان سے مصافحہ اورمعانقہ کئے ہوئے،اے اللہ ہفتوں ہوگئےگھروں میں قید ہوئے، اے اللہ ہم نے اپنے اوپرکرفیولگارکھا ہے ، اے اللہ ہم اقراری مجرم ہیں،تواگر ہم سب مجرموں پر رحم نہیں فرمایاتو ہم کہیں کے نہیں رہیں گے،اے اللہ ہم سب پررحم فرماکرم فرما،فضل فرما،اورہمیں معاف فرما،اے اللہ مجھے تیری ناراضگی کا خوب خوب اندازہ ہے، آندھی آئی ،طوفان آیا، سیلاب آیا، مگر کبھی ہم تیرے گھر میں جانے سے نہیں رکے،اور تونےبھی کبھی ہمیں نہیں روکا،
اے اللہ اب تیرا غصہ اتنا بھڑک اٹھاہے،کہ تو نےہم سب کو اپنے گھروں میں آنے پر پابندی لگا دی ہے، اےاللہ جوتیرے گھروں میں جاکرتجھے راضی کرنا چاہتا ہے،تواسے بھی پولس کے ہاتھوں پٹوادیتاہے ، اے اللہ ہم سےتواتنا ناراض ہےکہ تبلیغی جماعت جوتیرے دین کی تبلیغ واشاعت کیلئےپورے عالم میں کام کررہی ہےاس کےکام پہ بھی پابندی لگا کرجماعتیوں کو جیل میں ڈلوادیاہے، اے اللہ تو مجرموں کودیکھنا بھی پسند نہیں کررہا ہے،تب ہی توطواف کعبہ بند ہے، عمرے پرپابندی لگی ہے، حج پربھی پابندی لگ سکتی ہے، مسجد وں میں تالے لگ گئے ہیں، اے اللہ گھروں میں نمازپڑھ تورہےہیں، مگرمسجدیں آبادنہیں ہیں،اے اللہ جمعہ کی نماز سےبھی محروم ہوگئےہیں،
اےاللہ یہ تیری ناراضگی نہیں تواورکیا ہے،اےاللہ شب براءت کی مقدس رات میں بھی تیرے گھرمیں ہم عبادت نہیں کرسکے،
اےاللہ اب رمضان المبارک کا مقدس و متبرک مہینہ آرہاہے، اس ماه میں بھی تیرے گھرمیں روزہ افطارکرنے،عبادت کرنے،
اورتراویح پڑھنےپرپابندی ہے،
اےاللہ اس بابرکت مہینہ رمضان سے ہمیں محروم نہ فرما،
اے اللہ بےشک ہم منھ دکھانےکے لائق نہیں ہیں، لیکن جائیں تو جائیں کہاں،تیرے درکےعلاوہ کوئی در بھی تو نہیں ہے ،
اےاللہ ہم سب کی غلطیوں کو معاف فرما، اے اللہ تو سرکشوں اورظالم حکمرانوں کو ، جودن رات آسمانوں میں اڑتےتھے، فضاوں میں پرندوں کی جگہ پرواز کرتے تھے، سڑکوں کی چھاتی پر اکڑ کر دن دناتے پھرتےتھے، ان کوتو نےاپنے کنٹرول میں لےلیاہے، اپنے گھروں میں قید کردیا ہے،
اے اللہ مگرتوتو غریبوں ، مزدوروں،بوڑھوں،اور بچوں کےساتھ عفودرگذر کا معاملہ فرماتا تھا، پریقیناتو آج بھی ان پر رحم ہی فرمارہاہے، لیکن یہ بچارے غریب اور مزدور بوڑھے، اور بچے، بھی تو تیری مخلوق کروناوائرس سے زیادہ بھوک سے ، پیاس سے، دوا، اور علاج، کےنہ ملنے سے مررہے ہیں ۔ ان پر تیراسایہ ہمیشہ رہاہے ۔ان پررحم فرما۔ ائے اللہ تومعاف نہیں کرے گا، تو کون کرے گا،تو ہی بتاہم کیسے معافی مانگیں ، ہمیں تو معافی مانگنے کا ڈھنگ بھی نہیں ہے، مگرتجھےمعاف کرنے آتاہے، میرے باپ حضرت آدم علیہ السلام نے پہلی دفعہ معافی مانگی تھی ، ہم بھی معافی مانگتے ہیں،تو قبول فرمالے۔ اے اللہ ہمیں معافی مانگتے ہوئے شرم آرہی ہے،کیوں کہ کرونا وائرس سے زیادہ تباہی تو ہم خود مچاچکے ہیں،ہم انسانوں نےاپنے ہاتھوں سے ہزاروں نہیں لاکھوں جانیں تلف کی ہیں ،اے اللہ تیری عبادت گاہ مسجد کو بزورطاقت مسمار کرکےاس پر مندر بنانےکافیصلہ کیاہے، ملک شام میں ہزاروں انسانوں کوظالم حکمرانوں کی نگرانی میں قتل کردیا گیا، فلسطین میں تو یہ سلسلہ برسوں سے بدستور جاری ہے ، چندسال قبل ہی توعراقیوں کے خون کی ندیاں بہائی گئیں تھی،مصر اورلیبیا میں لاکھوں تیرےنام لیوا کو شہیدکردیاگیا ہے،ایک سال قبل برما کے لاکھوں تیرے بندوں کو موت کے گھاٹ اتار دیاگیاتھا، ابھی دہلی میں انسانی خون سے ہولی کھیلی گئی تھی ۔اے اللہ ہم جیسے انسانوں نے ہی اس کروناوائرس کوچین سے دعوت دیکر پورے عالم میں پھیلایا ہے،لیکن میرا وعدہ ہے کہ اب ہم دانستہ طور پر تیری نافرمانی کبھی نہیں کریں گے۔اے اللہ ہم سب حکمراں تجھ سے وعدہ کرتے ہیں،کہ اب سےتیرے بندوں پر ظلم نہیں کریں گے ۔
اے اللہ تمام شہریوں کے حقوق کا پورا پورا خیال رکھیں گے،
اےاللہ کسی کومذہب اور ذات کی بنیاد پرملک بدرنہیں کریں گے۔ اے اللہ مذہبی فرقہ واریت نہیں پھیلائنگے، اےاللہ سب کے ساتھ یکساں انصاف کریں گے،
اے اللہ تیری زمین پر ظلم و شرکشی نہیں کرینگے،
اےاللہ کسی بھی عبادت گاہ کو مسمار نہیں کرینگے،
اے اللہ تیرے دین کے خلاف کوئ بل نہیں لائنگے،اے اللہ تیرے بندوں کوکبھی نہیں ستائنگے، اے اللہ ہم حکمرانوں کے خطاؤں کو معاف فرما، اوراس کروناوائرس سےنجات عطافرما، اے اللہ ہم عوام وعدہ کرتے ہیں کہ اپنےحکمرانوں کی اطاعت کریں گے، اے اللہ ہم عوام کسی کا مال ناحق نہیں کھائیں گے، اے اللہ ہم عوام نفرت کے بجائے محبت کا پیغام عام کریں گے, اے اللہ ہمارے خطاؤں کو معاف فرما اور کروناوائرس سے نجات عطافرما، اے اللہ ہم نوجوان وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی جوانی کی حفاظت کریں گے ، اےاللہ ہم نوجوان کسی کی عزت و عصمت کوتار تارنہیں کریں گے، اے اللہ ہم نوجوان اب گندی تصویریں ، بلوفل بھی نہیں دیکھیں گے، اے اللہ ہم نوجوان اب پارکوں اور کلبوں میں اپنا وقت ضائع نہیں کرینگے۔اے اللہ ہم نوجوان اپنی جوانی تیری عبادت واطاعت میں گذاریں گے،اے اللہ ہم نوجوانوں کی خطاؤں کو معاف فرما،اور اس کرونا وائرس سے نجات عطافرما، اے اللہ ہم خواتین وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی عزت وعصمت کو نیلام نہیں کریں گے ، اے اللہ ہم خواتین ہمارا جسم ہماری مرضی کا نعرہ ترک کرکے تیری مرضی کے مطابق اپنی زندگی گذاریں گے،
اے اللہ ہم خواتین اپنے والدین شوہراوراپنے شوہر کے والدین اور بچوں کے حقوق کی پوری کی پوری پاسداری کرینگے،
اے اللہ ہم خواتین کی تمام گناہوں اور خطاؤں کو معاف فرما،اوراس کروناوائرس سے نجات عطافرما، اے اللہ ہم بچےوعدہ کرتے ہیں کہ کبھی بھی والدین ،اور اساتذہ کرام کی نافرمانی نہیں کریں گے،
اے اللہ اپنےبھائیوں اوربہنوں کے حق کی حق تلفی نہی کرینگے ،
اے اللہ ہم بچےآپ کی مرضی کے مطابق اپنی زندگی گذارینگے،
اے اللہ ہم بچوں کی خطاؤں کو معاف فرمااور اس کورونا وائرس سے نجات عطا فرما،
اے اللہ ہم تاجرکبھی بھی ناپ تول میں کمی نہیں کریں گے،کالا بازاری سے بچیں گے،جھوٹ اور وعدہ خلافی سے آج ہی سےتوبہ کرتے ہیں، اے اللہ ہم تیرےبندے کوتیری مرضی سےواقف کرائیں گے، تیرے بتائے ہوئے راستےپر چلیں گے، اور دوسروں کو بھی چلائیں گے، اے اللہ ہم مغضوب علیم کے راستے پر نہیں چلیں گے،اور نہ ہی ضالمین کے ڈگر پر ،ہم سب انعمت علیہم کے راستےپرچلیں گے،اے اللہ میراوعدہ ہےکہ اب ہم مذہب، مسلک،ذات ،برادری، اور گروہی، لڑائی میں وقت ضائع نہیں کریں گے، ہم سارےانسانوں کوتیرا کنبہ سمجھ کر سب کے لئےکام کریں گے،اےاللہ میرے وعدے پرتجھے یقین نہیں ہوگا،کیوں کہ ہم اس سے پہلے بھی متعدد وعدے کئے اور بھول گئےہیں ،اےاللہ یہ میری فطری کمزوری ہے، تاہم یقین دہانی کے لئے یہ بات کافی نہیں ہے کہ ہم آدھا ایمان لاچکے ہیں،صفائی کا ایسا اہتمام تو ہم نے کبھی کیا ہی نہیں تھا،پہلےتو ہم میں سے کچھ ہی لوگ دن میں پانچ مرتبہ (وضوکرتےتھے) ہاتھوں کو دھوتےتھے ، بہت سے نادانوں کو کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد بھی ہاتھ دھونے کی توفیق نہیں ملتی تھی، ہاتھ دھونے کے بجائےٹیسو پیپر سے کام چلاتے تھے،وہ بھی اب پانچ نہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ مرتبہ ہاتھ دھوتےہیں،سینیٹائزرجیب میں لےکرچلتے ہیں، اےاللہ ہماری خطاؤں کو معاف فرما،ہمارا کوئی وکیل نہیں ہے،تو ہی ہمارا وکیل ہے، ہماراکوئی سفارشی نہیں ،تو ہم سب کے شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے، مجھے معلوم ہےتیرے در سے کوئی خالی ہاتھ نہیں گیا ہے،تو ہماری بھی توبہ قبول فرما،اگر تونے معاف کردیاہے،تواپناکرونا وائرس آج ہی اور اسی وقت واپس بلالےلے،تاکہ دوبارہ سڑکیں آباد ہوجائیں، انسانی زندگیوں کا شورو غوغہ شروع ہوجائے، اسکول مدرسے کھل جائیں، گاڑی اور موٹردوڑنے لگ جائیں ،ٹرینیں پٹڑی پردوڑ لگیں،اورہوائی جہاز فضاء میں پرواز کرنے لگیں، مساجد میں تیری عبادت زور شور سے شروع ہوجائے، اس لئے کہ اب رمضان المبارک کامتبرک ومقدس مہینہ شروع ہونےوالا ہے، جس کی ایک رات ہزار راتوں سے بہتر اور افضل ہے، اس مقدس ماہ کی برکت سے ہم کو مالامال فرما، اوراپنے پیارے حبیب جناب محمدالرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ طفیل میں ہمارےسیات کو حسنات میں مبدل فرما،اوراس مہلک وبا کوروناوائرس سے پورے عالم انسانیت کی حفاظت فرما، آمین

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں