تازہ ترین

جمعرات، 27 فروری، 2020

جسٹس ایس مرلی دھر کی ٹرانسفر کو لیکر گھری مودی سرکار!

نئی دہلی(یواین اے نیوز27فروری2020)دہلی ہائی کورٹ کے جج ایس مرلی دھر کی منتقلی سے گھری حکومت نے صفائی دے دی ہے۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے کالجیم نے چیف جسٹس کی سربراہی میں 12 فروری کو ان کے تبادلے کی سفارش کی تھی۔ کسی بھی جج کے تبادلے پر بھی ان کی رضامندی لی جاتی ہے اور اس عمل کی بھی پیروی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سیاست کرتے ہوئے کانگریس نے ایک بار پھر عدلیہ کوبدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ملک کی عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ہے۔ اس کے بعد ، اب وہ تمام اداروں پر مسلسل حملہ کرکے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

روی شنکر پرساد نے کہا کہ جسٹس لویا کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔اس پر سوال اٹھا کر کچھ لوگ عدلیہ کی توہین کررہےہیں۔ اس معاملے پر سپریم کورٹ میں بڑےپیمانے پر بحث ہوئی۔کیا راہل گاندھی خود کو سپریم کورٹ سے بالاتر سمجھتے ہیں؟ آپ کو بتادیں کہ اس سے قبل کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں جسٹس ایس مرلی دھر کے تبادلے پر سوالات اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا ان کے ٹرانسفر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انصاف کرنے والوں کو ملک میں نہیں بخشا جائے گا'۔ ہم ان لوگوں کو بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، جنہوں نے اشتعال انگیز تقاریر کیں نفرتوں کے بیج بوئے،سرجے والا نے کانگریس کی جانب سے پی ایم مودی اور امیت شاہ سے تین سوالات بھی پوچھے ہیں۔

(1)کیا آپ کو خوف تھا کہ اگر آپ کی پارٹی کے رہنماؤں کی آزادانہ اور غیرجانبداری سے تحقیقات کی جائیں گی تو دہلی کے تشدد ، دہشت گردی اور انتشار میں آپ کی اپنی ملی بھگت بے نقاب ہوجائے گی؟

(2)منصفانہ اور موثر انصاف کی روک تھام کے لئے آپ کتنے ججوں کا تبادلہ کریں گے؟
(3)کیا آپ کے پاس اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے دیئے گئے زہریلے بیانات کا جواز پیش کرنے کا کوئی جواب نہیں ہے ، لہذا آپ نے جج کو منتقل کیا جس نے پولیس کو آپ کی پارٹی کے رہنماؤں سے تفتیش کا حکم دیا؟

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی جسٹس مرلی دھر کی منتقلی پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت نے انصاف کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بدھ کے روز دہلی تشدد کیس کی سماعت کرتے ہوئے ، دہلی ہائی کورٹ میں جسٹس ایس مرلی دھر نے بی جے پی قائدین کے بیانات پر کارروائی نہ کرنے پر پولیس کو پھٹکار لگائی تھی۔ آج اسی معاملے کی سنوائی کورٹ میں ہوئی اب اس معاملے کو چاردن کا اور وقت دے دیا گیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad