ممبئی(یواین اے نیوز27فروری2020)مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ کی سماعت کرنے والے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج کی میعاد میں توسیع کے لیئے بم دھماکہ متاثرین نے انہیں قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے توسط سے آج سپریم کورٹ آف انڈیا میں پٹیشن داخل کردی ہے جس پر سماعت اگلے ہفتہ متوقع ہے، اس سے قبل بم دھماکہ متاثرین نے چیف جسٹس آف انڈیا، چیف جسٹس آف بامبے ہائی کورٹ، منسٹری آف ہوم افئیر کو خطو ط ارسال کیئے تھے لیکن ان کی جانب سے جواب موصول نہیں ہونے پر پٹیشن داخل کی گئی۔ یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی، انہوں نے اخبار نویسوں کو پٹیشن کی نقول بھی دی۔گلزار اعظمی نے کہا کہ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ گورو اگروال نے سپریم کورٹ میں پٹیشن تیار کی ہیں۔
جس میں در ج ہیکہ مالیگاؤں 2008 مقدمہ الگ نوعیت کا مقدمہ ہے جس میں دو تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے اور موجودہ تفتیشی ایجنسی NIA بھگوا ملزمین خصوصاً سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کو مقدمہ سے بری کرنے کے لیئے کوشش کرر ہی ہے لیکن خصوصی جج ونوڈ پڈالکر نے تمام ملزمین کے خلاف چارج فریم کرکے مقدمہ کی سماعت شروع کردی اور ابتک اس معاملے میں 140 سرکاری گواہان عدالت میں اپنے بیانات کا اندراج کراچکے ہیں لہذ ا خصوصی جج کی میعاد میں توسیع کی جانی چاہئے تاکہ وہ جلد از جلد مقدمہ کا فیصلہ کرسکیں۔گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ پٹیشن میں درج کیا گیا ہیکہ اس مقدمہ کو بارہ سالوں کا طویل عرصہ گذر گیا ہے اور ابتک سماعت مکمل نہیں ہوئی ہے نیز اگر جج کی میعاد میں توسیع نہیں گئی تو مقدمہ مزید التواء کا شکار ہوسکتا ہے لہذا انصاف کا تقاضہ ہے کہ موجودہ جج کی میعاد میں توسیع کی جائے۔
خصوصی جج کی میعاد میں توسیع کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کو جج کی میعاد میں توسیع کرنا چاہئے جیساکہ دیگر مقدمات میں ہوا ہے تاکہ وہ مقدمہ کا فیصلہ کرسکیں، بم دھماکہ متاثرین اور انصاف پسندعوام گذشتہ بارہ سالوں سے انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملزمین طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے معاملے کی سماعت میں تاخیر کررہے ہیں اور اگر جج کی میعاد میں توسیع نہیں کی گئی تو حصول انصاف میں مزید تاخیر ہوگی لہذا ان سب باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ کو خصوصی این آئی اے عدالت کے جج کی میعاد میں توسیع کرناچاہئے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں