پٹنہ:(یواین اے نیوز22جنوری2020)آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی چیرمین ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن نے پٹنہ شہرکے ائمہ کرام کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہریت ترمیمی ایکٹ2019 (CAA)،این آرسی(NRC)اوراین پی آر ہندوستان میں رہنے والے غریبوں،دلتوں اورمسلمانوں کے خلاف فسطائی طاقتوں کی گہری سازش ہے؛تاکہ وہ اس قانون کے ذریعہ اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرسکے۔مولانا قاسمی نے مزید کہاکہ فسطائی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ہندوستان کو ہندوو کی راہ پر لے جائیں اوریہاں منواسمرتی کا قانون لاکر اقلیتوں،دلتوں اورسماج کے پسماندہ اوردبے کچلے طبقات کے خلاف اپنے ظلم کو قانونی جواز عطا کریں۔اگر ہندوستان میں این آر سی لاگو ہوگیا تو پورا ہندوستان ایسے بحران کا شکار ہوگا،جس کی تلافی میں صدیوں لگ جائیں گے۔مولانا نے کہاکہ اس سیاہ قانون کے خلاف سنویدھان بچاؤ مورچہ کے زیراہتمام 30جنوری2020بروز جمعرات صبح 10:00سری کرشن میموریل ہال،گاندھی میدان،پٹنہ ہال میں تمام مذاہب، مسالک ومکاتب کے افراد پر مشتمل ایک کنوینشن کیا جارہا ہے؛تاکہ سیاہ قانون کے خلاف تحریک کو مضبوط بنایا جاسکے۔
مدنی مسافر خانہ پٹنہ جنکشن کی اس میٹنگ کی صدارت جمعیۃ العلماء بہار کے ناظم اعلیٰ جناب حسن احمد قادری نے کی،انہوں نے ائمہ مساجد ودانشوران کی اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کنوینشن مختلف جگہ ہورہے احتجاج کو منظم کرے گا اوربکھری کوششیں یکجا ہوکر فسطائی طاقتوں کے خلاف مضبوط آواز بن کر ابھرے گی۔جناب قادری صاحب نے اس کنوینشن کی تائید کرتے ہوئے تمام لوگوں سے بلا امتیاز مسلک ومشرب اس کنوینشن میں شرکت کی درخواست کی ہے۔میٹنگ میں شریک شکیل احمد خاں ایم ایل سی نے کہاکہ میں لگاتار مختلف اضلاع اورعلاقوں کا دورہ کررہاہوں،چھوٹی بڑی میٹنگیں ہورہی ہیں،بہت سے میٹنگوں میں میرے ساتھ کنہیا کمار بھی تھے،مجھے محسوس ہوا ہے کہ پورا ہندوستان اس ظالمانہ قانون کے خلاف غصے سے بھرا ہوا ہے۔حکومت کی بھلائی اسی میں ہے کہ وہ فوراً اس قانون کو واپس لے لے۔
تنظیم ائمہ مساجد کے جنرل سکریٹری مولانا عالم قاسمی نے کہاکہ کنوینشن کی تائید کرتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت بتایااورائمہ کرام بطور خاص اس کنوینشن کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ائمہ مساجد سماج میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں،اگر وہ اس قانون کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو شاید ہی کوئی ایسا فرد بچے گاجو اپنے گھروں میں بیٹھا رہ جائے۔معروف عالم دین اورفقیرواڑہ جامع مسجد کے امام وخطیب مولانا عتیق اللہ قاسمی نے اس کنوینشن کی تئیں اپنے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہرطرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس میٹنگ جن شخصیتوں نے شرکت کی،ان میں جامن گلی جامع مسجد کے امام مولانا ظہیر عالم رحمانی،مسلم مجلس مشاورت کے سکریٹری انوارالہدیٰ،آل انڈیا ملی کونسل کے کارگزارجنرل سکریٹری مولانا محمد نافع عارفی،مولانااسلم قاسمی امام جامع مسجدشرف کلینک وغیرہم شریک ہوئے اورکنوینشن کو کامیاب بنانے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں