تازہ ترین

منگل، 1 دسمبر، 2020

دارالعلوم دیوبند کے استاذ مفتی محمد یوسف تاؤلی کی آمد پر بیلوا جامع مسجد میں تذکیری نشست کا انعقاد

بیلوا، کشن گنج(یو این اے نیوز 1دسمبر 2020) بیلوا پنچایت کی جامع مسجد میں ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث و فقہ مولانا و مفتی محمد یوسف تاؤلی کی آمد پر تذکیری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ مولانا نور الزماں رحمانی صدر مجلس علمائے ملت و امام و خطیب جامع مسجدبیلوا کے زیر اہتمام اس تذکیری نشست کا انعقاد ہوا۔ 



تلاوت کلام اللہ سے نشست کا آغاز ہوا جس میں مولانا عمیر انور قاسمی نے اپنی نعتیہ شاعری سے سامعین کو محظوظ کیا۔ مولانا تنویر عالم استاذ حدیث ادارہ فیض القرآن ٹھکری باڑی نے اپنے خطاب میں علمائے کرام کی فضیلت پر روشنی ڈالی جن کے بعد مولانا و مفتی صبیح اختر قاسمی شیخ الحدیث جامعہ جلالیہ ہوجائی آسام نے اپنا پرمغز خطاب کیا جس میں انہوں نے اللہ والوں کے متعدد واقعات کا ذکر کیا نیز اللہ سے توبہ کرنے کی طرف دعوت دی، انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر ظالم حکمرانوں کا تسلط امت کے برے اعمال کا نتیجہ ہے۔ 


مہمان خصوصی مولانا و مفتی محمد یوسف تاؤلی نے اپنے خطاب میں سیرت نبوی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ کو رسول پاک ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ پوری امت کے لیے رحمت بناکر مبعوث کیے گئے،


 نبی پاک ﷺ نے اپنی تربیت و صحبت سے ایسے جاں نثار صحابہ تیار کیے جنہوں نے دین اسلام کی خاطر اپنی جانوں کی بازی لگادی اور بے سر و سامانی کے عالم میں میدان جنگ میں کود پڑے، جنگ بدر تاریخ کی وہ جنگ ہے جس کی نظیر نہیں پیش کی جاسکتی۔ مولانا تاؤلی کی دعا پر ہی نشست اختتام پذیر ہوئی۔ جس کے بعد مولانا نورالزماں رحمانی کے دولت کدے پر تمام مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔ نشست میں موجود اہم شخصیات میں مفتی اطہر جاوید قاسمی سماجی خدمت گار، مولانا شمیم ریاض ندوی محرک مجلس علمائے ملت، مولانا آفتاب اظہر صدیقی صوبائی انچارج راشٹریہ علماء کونسل، قاری شہاب، مولانا مناظر نعمانی قاسمی استاذ مدرسہ حسینیہ فرینگورہ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad