چنئی (ساجد حسین ندوی )(یواین اے نیوز15جون2020) انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ ڈاکٹرعبیدالرحمن احساس صاحب، سابق صدر، شعبہ اردو، نیو کالج،چینئی کا گذشتہ شب بتاریخ ١٤/ جون ٢٠٢٠ کو تقریبا دو بجے انتقال ہو گیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔مرحوم بڑے نیک دل اور ملنسار طبیعت کے مالک تھے، جو بھی آپ سے ملتا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔ آپ اردو کے بے لوث خدمت گذار تھے۔ مرحوم نے اپنی عمر کا تقریبا نصف حصہ اردو کی خدمت صرف کردیا۔ آپ کی صدارت میں شعبہ اردو نیوکالج نے کافی ترقی کی۔ آپ کی محنت اور کاوشوں سے شعبہ اردو نیوکالج میں بی اردو کا آغاز ہوا اور یہ شعبہ دن بدن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
نیوکالج کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر طیب علی خرادی نے ہمیں بتا یا کہ مرحوم کی شخصیت آئینہ کی طرح صاف شفاف تھی، مجھے ان کے ساتھ تقریبا دو سال کام کرنے کا اتفاق ہوا اور ان کو قریب سے جاننے اور سمجھنے کا موقع ملا۔ وہ نہایت ہی شفیق استاد اور مخلص مربی تھی۔ طلباء سے بے انتہا محبت کرتے اور اپنے ساتھ کام کرنے والوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے تھے۔ وہ نیک سیرت اور خوش طبع تھے،لوگوں کے دکھ درد میں کام آتے، غریبوں کی مدد کرنے والے اور بھی کئی خوبیوں کے مالک تھے۔ آج وہ ہم سے جدا ہوگئے ہیں، ان کی جدائی ہمیشہ ہمیں تڑپائے گی اور اس جدائی کے غم کا بھلاپانا ہمارے لیے کامشکل ہوگا۔
ڈاکٹر عبید الرحمان صاحب کے انتقال پر نیوکالج سکریٹری ٹی رفیق صاحب، سابق سکریٹری الحاج اے محمد اشرف صاحب، میاسی کے خزانچی الیاس سیٹھ صاحب، پرنسپل ڈاکٹر بشیر احمد صاحب اور کالج کی انتظامیہ نے بھی اپنے غم کا اظہار کیا ہے اورپسماندگان کو صبر جمیل کی تلقین کی ہے۔ مرحوم اتنی جلدی ہمارے درمیان سے چلے جائیں گے کسی کو یقین بھی نہ تھا لیکن ہم سب اللہ کی مرضی کے سامنے بے بس اور کمزور ہیں۔ ہم صرف اللہ سے دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر عبید الرحمن احساس صاحب کی بال بال مغفرت فرماکر جنت الفردوس عطافرمائے اور پسماندگان خصوصاً فرزندان محمد ایوب،محمد حسن اور آپکی اہلیہ محترمہ و برادران کو صبر جمیل کی توفیق دے۔آمین یارب العالمین۔ نمازِ جنازہ بعد ظہر مسجد امیرالنساء (قبرستان مسجد) رائے پیٹ چینئی میں ادا کی گئی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں