تازہ ترین

اتوار، 12 جنوری، 2020

ہر فرعون کا زوال یقینی ہے


[ ہندوستان کے موجودہ حالات کے پس منظر میں ]

محمد رضی الاسلام ندوی 

(1) فرعون روئے زمین میں بہت سرکشی کرنے والا تھا اور وہ حد سے گزرنے والوں میں سے تھا _ (یونس:83، طہ:24، 43 ، المؤمنون:46، القصص:4 ) 
        * فرعون روئے زمین میں بہت سرکشی کرنے والا ہے اور وہ حد سے گزرنے والوں میں سے ہے _

(2) فرعون اور اس کے درباریوں نے بڑائی کا گھمنڈ کیا اور وہ مجرم لوگ تھے (یونس:75،العنکبوت:39، الزخرف:51 52،دخان:22 ) وہ بڑے بدکردار لوگ تھے _( النمل:12)
         * فرعون اور اس کے درباری اپنی بڑائی کا گھمنڈ کرتے ہیں اور وہ مجرم اور بدکردار لوگ ہیں _

 (3) فرعون اور اس کے درباریوں کو اقتدار پر اپنی گرفت ہونے کا بڑا غرّہ تھا _ (الأعراف:127) وہ لوگوں پر بڑا ظلم کرتے تھے _ (الشعراء:10) 
        *  فرعون اور اس کے درباریوں کو اقتدار پر اپنی گرفت ہونے کا بڑا غرّہ ہے _ وہ لوگوں پر بہت ظلم کررہے ہیں _

(4) فرعون نے اپنے ملک کے باشندوں کو گروہوں میں تقسیم کر رکھا تھا  اور ان میں سے ایک گروہ کو کم زور بناکر رکھا تھا _ (القصص :4) 
        * فرعون نے اپنے ملک کے باشندوں کو گروہوں میں تقسیم کرنے اور ان میں سے ایک گروہ کو کم زور کرکے رکھنے کی کوشش کی ہے _

(5) فرعون اپنے ملک کے شہریوں کی بڑی تعداد کو اذیتیں دیتا تھا _(طہ:47) اس نے انھیں غلام بنا رکھا تھا _(الشعراء:22) 
       * فرعون اپنے ملک کے شہریوں کی بڑی تعداد کو اذیتیں دیتا ہے _ وہ انھیں غلام بناکر رکھنا چاہتا ہے _

(6) فرعون نے فتنہ و فساد پھیلا رکھا تھا _(الاعراف:103،القصص:4 ) لیکن وہ دوسروں کو فسادی کہتا تھا _ (الأعراف:127، مؤمن:26 ) 
       * فرعون نے فتنہ و فساد پھیلا رکھا ہے ، لیکن وہ دوسروں کو فسادی کہتا ہے _

(7) فرعون اپنے عوام کے درمیان نعرہ لگاتا تھا : أَنَا رَبُّکُمُ الاعلی _ میں ہوں تمھارا سب سے بڑا پالنہار (النازعات :24 ) 
      * فرعون اپنے عوام کے درمیان نعرہ لگاتا ہے :  میں ہوں تمھارا سب سے بڑا خیر خواہ اور تمھارے لیے سب سے زیادہ کام کرنے والا _

(8) فرعون اور اس کے درباری اپنے مخالفین پر بے بنیاد الزامات لگاتے تھے _ (الأعراف :109 _ 110)
       * فرعون اور اس کے درباری اپنے مخالفین پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں _

(9) فرعون اپنے ملک کے لڑکوں کو قتل کرواتا تھا_ (الأعراف:127، القصص:4) 
      *  فرعون اپنے ملک کے لڑکوں کو قتل کرواتا ہے _

(10) فرعون کی مملکت میں لڑکیوں کی عصمت محفوظ نہیں تھی _ (الأعراف :127، القصص :4) 
       * فرعون کی مملکت میں لڑکیوں کی عصمت محفوظ نہیں ہے _

(11) فرعون لوگوں کو اپنا ہم خیال بنانے کے لیے لالچ دیتا تھا _ (الأعراف: 113_114،الشعراء:41_42 ) 
        * فرعون لوگوں کو اپنا ہم خیال بنانے کے لیے لالچ دیتا ہے _

(12) فرعون اپنے مخالفین کو دھمکیاں دیتا تھا _( الأعراف :123 _124 ،طہ :71، الشعراء :29، 49 )
        * فرعون اپنے مخالفین کو دھمکیاں دیتا ہے _

(13) فرعون نے آبادی کے بڑے حصے کو  ان کے وطن سے نکال باہر کرنے کا ارادہ کیا تھا _( بنی اسرائیل : 103 )
       * فرعون نے آبادی کے بڑے حصے کو  ان کے وطن سے نکال باہر کرنے کا ارادہ کیا ہے _

(14) فرعون کو ارب پتی قارون کی حمایت حاصل تھی _(القصص :76، العنكبوت :39 ، مؤمن :24) 
       * فرعون کو ارب پتی قارونوں کی حمایت حاصل ہے _

(15) فرعون ہزار تنبیہات کے باوجود اپنی سرکشی سے باز نہیں آیا _
       * فرعون ہزار تنبیہات کے باوجود اپنی سرکشی سے باز نہیں آرہا ہے _

(16) آخر کار فرعون ہلاک ہوکر رہا _ (الأعراف :136، یونس :90، الفرقان : 36.، المؤمنون :48، الشعراء :66 ، القصص :40، الذاریات :40 ) 
     *  آخر کار فرعون ہلاک ہوکر رہے گا _

(17) فرعون کا لاؤلشکر اس کے کچھ کام نہ آیا _
   *  فرعون کا لاؤلشکر اس کے کچھ کام نہ آیے گا _

 (18) کم زور بناکر رکھے جانے والوں کو خوش خبری دی گئی تھی : " اللہ سے مدد مانگو اور صبر کرو _ زمین اللہ کی ہے ، وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہے اس کا وارث بنا دیتا ہے ، اور آخری کام یابی انہی کے لیے ہے جو اس سے ڈرتے ہوئے کام کریں _ " (الأعراف :128)
         * آج بھی کم زور بناکر رکھے جانے والوں کو خوش خبری ہو :
 " اللہ سے مدد مانگو اور صبر کرو _ زمین اللہ کی ہے ، وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہے اس کا وارث بنادیتا ہے _ اور آخری انجامِ کار انہی کے لیے ہے جو اس سے ڈرتے ہوئے کام کریں _ "
  
 (19) ہر فرعون کا مقدّر ہلاکت ہے _
          بس شرط یہ ہے کہ حتّی الامکان ظلم کے خلاف برابر مزاحمت جاری رکھی جائے _ اللہ سے مدد چاہی جائے اور صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا جائے 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad