ناموس نبیؐ، ناموس صحابہؓ واولیاء کرام کی عظمت کی حفاظت کے لئے اہل ایمان کی دیوانگی شرط،مولانا محمد متین الحق اسامہ
کانپور(یواین اےنیوز1نومبر2017)حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے آخری نبی ہیں ، خاتم الانبیاء وسیدالمرسلین ہیں۔عقیدۂ ختم نبوت پر ایمان دین وشریعت کا لازمی اور ناگزیر تقاضہ ہے جس کے بغیر دین وایمان کا تصور بھی محال ہے۔ نبی ؐ کے فرامین کی حجیت کی حفاظت ،ناموس نبیؐ، ناموس صحابہؓواولیاء کرام کی عظمت کی حفاظت کے لئے اہل ایمان کی دیوانگی شرط ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس تحفظ ختم کانپور کے صدر اور قائم مقام شہر قاضی مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے 10؍نومبرکو جاجمؤ کے آئی اے ریزارٹ گراؤنڈمیں منعقد ہونے والی تحفظ ختم نبوت کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے بلائی گئی میٹنگ میں خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعداد میں نوجوان وعلماء کرام نے شرکت کی۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے لوگوں کے لئے بسوں کا انتظام کیاجائے ۔مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ ہمیں اپنے ایمان کے ساتھ ساتھ اپنے بھائیوں کے ایمان کی بھی فکر کرنی چاہئے ۔فتنوں کے دور میں ایمان کی حفاظت کے لئے ہمیشہ تیار رہیں ۔ حضور اکرم ؐ کی پیشین گوئیاں حرف بہ حرف سچی ہیں اس کا ایک ایک لفظ سچا ہے ۔ آپؐ کا فرمان حجت ہے اس سے ذرا سی بھی روگردانی ایمان کے جانے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس بات کو یاد رکھیں کہ روز حشر آقائے نامدار حضور اکرم ؐ گنہگاروں کی شفارش فرمائیں گے ان کی نہیں جو ایمان والے نہیں ہیں ۔نبی کریم ؐ پر نبوت کا سلسلہ مکمل کردیا گیا۔ آپؐ کی نبوت کا دور سب نبیوں کے بعد رکھا گیا جو قیامت تک چلتا رہے گا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام قیامت کے قریب نزول فرمائیں گے، حضورؐ سے پونے چھ سو سال پہلے نبی بنائے گئے اور دنیا سے رخصت ہونے کے بعد روضہ اطہر میں ان کی تدفین ہوگی ۔ اب اگر کوئی لاکھ دعویٰ کرلے اگر وہ نبی کے فرمان کے مطابق نہیں ہے تو وہ جھوٹا مسیح ہے ۔ حضورؐ نے حضرت مہدی ؑ حضرت عیسیٰ مسیح ؑ کے بارے میں پوری تفصیل سے بتا دیا ہے حضرت مہدی کے حسب نسب عادت واطوار ہر طرح کی باتیں فرما دی ہیں تاکہ امت جھوٹے دعویداروں سے ہوشیار رہ کر اپنے ایمان کی حفاظت کرسکے۔ اب اگر کوئی آپ کے بعد کسی کو نبی مانے تو وہ دائر اسلام سے خارج اسی طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین کو اتھارٹی نہ مانے وہ دائر ہ اسلام سے خارج ۔ ناموس رسالت کی حفاظت ہم سب مسلمانوں کے لئے ضروری ہے تاکہ کوئی ڈاکو ہمارے اور ہمارے بھائیوں کے ایمان پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔مفتی اقبال احمد قاسمی نے کہا کہ ہم گنہگاروں کے لئے سب سے بڑا سرمایہ آقائے مدنی صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ تعلق ہے۔ آپؐ کے نامو س کے تحفظ کے لئے ہماری جوبھی صلاحیتیں کام آجائیں یہ ہمارے لئے سرمایہ سعادت ہے۔ تحفظ ختم نبوت کے سلسلے کی ہر کوشش دراصل اس محنت کی کڑی ہے جو صحابہ کرامؐ نے مسیلمہ کذاب کے خلاف کی تھی۔ ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کا وہ بنیادی عقیدہ ہے کہ اگر کوئی اس سلسلے میں تشکیک پیدا کرنے والے سے دلیل کا مطالبہ کرے تو وہ بھی دائرۂ اسلام سے خارج ہوجائے گا۔مولانا خلیل احمد مظاہری نے کہا کہ عام غلط فہمی عوام الناس کے ذہن میں یہ پائی جاتی ہے جس کا ازالہ ضروری ہے کہ نئے مدعی نبوت اسلام کا ایک فرقہ ہے جس طرح دیگر اسلامی فرقے ہیں حالانکہ یہ اسلام کے اپوزٹ اور متوازی ایک نیا مذہب ہے ، لہٰذا دھوکہ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ تمام اسلامی فرقے مسئلہ ختم نبوت پر متفق ہیں انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اس چمکتے ہوئے آفتاب کی مانند ہے جو کبھی غروب نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا آفتاب نبوت کے طلوع ہونے کے بعد اب کوئی چوراہے پر ٹارچ جلا کر چلے تو لوگ اس کودماغ کا کم اور احمق ہی کہیں گے۔ میٹنگ کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی کی تلاوت سے ہوا اور حافظ امین الحق عبداللہ نے نعت پاک پیش کی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں نوجوان اور علماء وحفاظ وائمہ مساجد موجود تھے۔ مولانا اسامہ قاسمی نے حاضرین سے اپیل کی کہ10؍نومبر کو ہونے والی تحفظ ختم نبوت کانفرنس یہ محض کانفرنس نہیں بلکہ ایک مشن ہے اور پورے دس دن تک اس مشن میں لگ جائیں بغیر محنت ولگن کے فتنوں سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا ساتھ ہی ہم لوگ تمام بھٹکے ہوئے لوگوں کے لئے دعاء بھی کرتے ہیں کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔
علماء ، حفاظ ، ائمہ کی خصوصی نشست 10نومبر بعد مغرب
10؍نومبر 2017بروز جمعہ بعد عشاء تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے قبل بعد نماز مغرب جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ میں شہر کانپور و اطراف کانپور کے علماء کرام ، حفاظ عظام اور ائمہ مساجد کی خصوصی نشست ہوگی ۔ جس میں اکابر علماء کا خطاب ہوگا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں