مسلمان ایمان ویقین اور توکل علی اللہ کی صفت پیدا کریں:مفتی محمد عثمان
مسجد برگد والی فیتھفل گنج میں ایک روزہ جلسہ رحمت عالم کا انعقاد
(تصوراتی تصویر)
کانپور(یواین اےنیوز29نومبر2017)رحمۃ للعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ سیرت کو عام کرنے ، سماجی برائیوں کی اصلاح اور آپؐ کے اسوۂ حسنہ کو مشعل راہ بنا نے کے لئے جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کی جانب سے زیر نگرانی مجاہد اسلام ،خطیب الہند حضرت الحاج مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش و صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور ماہ ربیع الاول کو رحمت عالم مہینہ کے طور پر سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی منایا جارہا ہے جس کے تحت مسجد مدح خاں برگدوالی فیتھفل گنج میں زیر صدارت مولانا محمد انجم صاحب مظاہری جلسہ رحمت عالم کا انعقاد ہوا جس میں حضرت مولانا مفتی سید محمد عثمان قاسمی کا خصوصی خطاب ہوا اور نظامت جلسہ کے آرگنائزر ومسجد ہٰذا کے امام وخطیب مولانا مفتی عزیز الحسن قاسمی نے کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسجد شتر خانہ گھنٹہ گھر کے امام وخطیب مولانا مفتی سید محمد عثمان صاحب قاسمی نے کہا کہ موجودہ دور میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بحیثیت امت دعوت لوگوں تک اسلامی تعلیمات کو پہنچائیں اور جو غلط فہمیاں لوگوں کے دلوں میں موجود ہیں ان کو دور کرنے کی کوشش کریں نیز ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خود آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن رحمت سے وابستہ ہو کر تعلیمات نبویؐ کو اختیار کریں اور ان پر مضبوطی سے کاربند ہوں۔ مفتی صاحب فرمایا کہ یقیناًدعائیں بہت ضروری ہیں اور یقیناًاللہ ہر چیز پر قادر ہے لیکن یہ دنیا دار الاسباب ہے ہم کو ایمان ویقین اور توکل علی اللہ کی صفت پیدا کرنے کے ساتھ اسباب کو بھی اختیار کرنا پڑے گا ورنہ اللہ تعالیٰ ہمارے بجائے دوسرے لوگوں اور دوسری قوموں کو اس کام ے لئے پسند کرلیں گے۔ مفتی صاحب نے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ آقا کے دشمن آقا صلی اللہ علیہ وسلم کو اور صحابہؓ کو اذیتیں پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے تھے لیکن آقاؐ نے جب ان دشمنوں پر فتح پائی تو ان جانی دشمنوں کو معافی کا پروانہ دے کر آزادی عطا فرمائی۔آقا کے رحمۃ للعالمین کے صدقہ میں مشرکین مکہ کو خدا وند تعالیٰ نے عذاب میں مبتلا نہیں کیا لیکن رحمۃ للعالمین کا وہ اثر ہم پر نہیں پڑ رہا ہے اور امت مسلمہ کو چہار طرفہ مصیبتیں برداشت کرنی پڑ رہی ہیں ان کو ظلم وستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے یہ ہمارے لیے سوچنے کا مقام ۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ جب تک ہم آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اختیار نہیں کریں گے تب تک ہم کو دنیا میں سکون واطمینان نہیں مل سکتا اس لئے ہم کو عز م کرنا چاہئے کہ ہم آقا کی تعلیمات پر مضبوطی سے عمل پیرا ہوں ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد عباد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور انہوں نے ہی بارگاہ رسالت مآب میں گلہائے نذرانے عقیدت پیش کیا۔ جلسے میں کثیر تعداد میں علماء وحفاظ سمیت اہل محلہ نے شرکت فرمائی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں