جمعیۃ علماء میرا بھائندر کے دفتر میں الحاج گلزار احمد اعظمی صاحب کا استقبال
ممبئی (یواین اےنیوز28نومبر2017)جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ذیلی یونٹ میرا روڈ کے دفتر میں شام 5بجے قانونی امداد کمیٹی کے سکریٹری الحاج گلزار احمد اعظمی کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔جمعیۃ علماء میرا بھائندر کے جنرل سکریٹری دبیر عالم صدیقی نے بتایا کہ دفتر کے قائم ہونے کے وقت سے ہی ہماری یہ خواہش تھی کہ جناب گلزار احمد اعظمی صاحب یہاں تشریف لائیں،اور آج ایک سال کا عرصہ گزرنے کے بعد ہم کو اس کا موقع ملا ہے ۔یونٹ کے صدر مولانا محمد زکریانے مہمان موصوف کو شال اوڑھا کر خیر مقدم کیا ،اور جناب ایوب کھتری ،سید نسیم حسینی،مولانا عبد القادر،عبد اللہ خان،مولانا فیروز اور مولانا طیب نے گلدستے پیش کئے۔اس تقریب میں حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے گلزار احمد اعظمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء خدمت خلق کا پلیٹ فارم ہے،اور اس کی مقامی یونٹیں اس کی اہم بنیاد ہیں ،حالات کی سنگینی کے باوجود جمعیۃعلماء اپنے مشن میں سر گرم عمل ہے،اور ہمارے رہنما حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم (صدر جمعیۃ علماء ہند)ملک وملت کی خدمت کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے تعلق سے کہا کہ اس کی کی خدمات تنہا میں انجام نہیں دے سکتا تھا اگر آپ حضرات کا مخلصانہ تعاون مجھ کو حاصل نہ ہوتا ۔آج الحمد للہ ہمارے پاس وکلاء کی ایک ٹیم ہے جو تمام مقدمات پر پوری نظر رکھتی ہے۔ اور ملک کی نچلی عدالتوں سے لے کر سپریم کورٹ تک اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔اس تقریب میں مقامی یونٹ کے ذمہ داران کے علاوہ مولانا شرافت حسین (صدر مدرس دار العلوم عزیزیہ)ملک گیر شہرت یافتہ شاعت کمال جائسی ،زبیر انعام دار نگر سیوک ،حافظ آفتاب وغیرہ خصوصی طور پر موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں