عظیم الشان تحفظ ختم نبوت کانفرنس11؍کے بجائے10؍ نومبر کو کانپور میں
ملک کے جید علماء و مشائخ کی آمد، کانفرنس کی تیاریاں بڑے پیمانے پہ جاری
کانپور(یواین اےنیوز28اکتوبر2017)حضور رحمۃ للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور ختم نبوت اسلام کا اساسی و بنیادی عقیدہ ہے،اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین و فرمودات یعنی احادیث مبارکہ حجت شرعیہ ہیں، اگر کوئی شخص حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی تو مانے لیکن آخری نبی نہ مانے یا آپؐ کی احادیث کو حجت نہ مانے تو وہ مسلمان نہیں۔ اس عقیدے کو مدلل طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات رحمت، تعلیمات عدل و مساوات، تعلیمات امن و محبت کو اپنانے اور امت تک پہنچانے کی دینی ذمہ داری پر متوجہ کرنے اور اس کے طریقے کو جاننے کیلئے مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کی جانب سے مورخہ10؍نومبر 2017ء بروز جمعہ بعد عشاء ایک رو زہ عظیم الشان تحفظ ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں ملک کے مرکزی دینی اداروں کے ذمہ داران و جید علماء و مشائخ شرکت فرمائیں گے۔مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے صدر، کانفرنس کے روح رواں مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صدر جمعےۃ علماء اترپردیش نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتلایا کہ اس وقت پوری دنیا خصوصا عالم اسلام کی صورتحال بہت نازک ہے، طاغوتی طاقتیں چہار جانب سے مسلمانوں پہ اپنا شکنجہ مضبوط کرنے کے فراق میں ہیں، ذہنی و جسمانی طور پر مسلمانوں کو ٹارچر کیا جارہا ہے، کبھی طاقت کے زورتو کبھی مال و تخت کا لالچ دیکر مسلمانوں کے ایمان کو خریدنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ایسے میں من حیث القوم ہم سب کی خصوصا علمائے کرام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ اپنی تمام ضروری مصروفیات کو مقدم و مؤخر کرکے امت مسلمہ کے ایمان وعقیدے کو سلامت رکھنے کیلئے آگے آئیں۔مولانا اسامہ نے بتلایا کہ ہمارا شہر کانپور اس وقت اسلام دشمن مشینریز کے نشانہ پہ ہے، ایک منظم منصوبے کے تحت مسلم نوجوانوں کا ایمان خراب کرنے کی زبردست کوششیں ہورہی ہیں، کہیں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پہ ڈاکہ ڈالا جارہا ہے تو کہیں آپ کے جانثار شاگرد ، شریعت کو سمجھنے کیلئے معیار اور کسوٹی حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ذات کو مجروح کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ مولانا نے کہا ہم علمائے کرام کے ہوتے ہوئے معصوموں کے سردار ،امام الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پہ حملے ہوں اور ہم خاموش رہیں، یہ نہیں ہوسکتا ہے۔ اسی احساس ذمہ داری کے پیش نظر مجلس تحفظ ختم کانپور نے مورخہ10؍نومبر کو ایک بڑی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک کے مشاہیر علماء و مشائخ کو مدعو کیا جائے گا۔مولانا اسامہ نے بتلایا کہ کانفرنس کی تیاریاں بڑے پیمانے پہ شروع کی جاچکی ہیں، جگہ کا اعلان بھی جلد ہی کیا جائے گا، اُنہوں نے شہر و اطراف شہر خصوصاً کانپور دیہات، اناؤ، ہردوئی، قنوج، فرخ آباد، فتح پور وغیرہ اضلاع کے علمائے کرام و سبھی اہل ایمان سے حضور خاتم النبیینؐ کی ختم نبوت کے دفاع کیلئے اپنے تن من دھن کی بازی لگا دینے کے جذبہ کے ساتھ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے، تعاون کرنے اور ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں