تازہ ترین

بدھ، 1 نومبر، 2017

مسلم پرسنل لا بورڈ نے کی وضاحت ؛ عدالت کا فیصلہ ہی قابل قبول؛ ایک بار مسجد تعمیر ہونے کے بعد قیامت تک وہ مسجد رہے گی


مسلم پرسنل لا بورڈ نے کی وضاحت ؛ عدالت کا فیصلہ ہی قابل قبول؛ ایک بار مسجد تعمیر ہونے کے بعد قیامت تک وہ مسجد رہے گی
نئی دہلی(یواین اے نیوز1نومبر2017) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ جو شروع سے ہی کہتی آرہی ہے کہ مسلمانوں کو عدالت کا فیصلہ ہی قابل قبول ہوگا، پھر ایک بار وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہے ۔ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ عرش تا فرش قیامت تک کے لئے مسجد کے حکم میں ہے اور آج بھی بورڈ اسی موقف پر قائم ہے، اور بورڈ کا یہ بھی متفقہ فیصلہ ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مسلم پرسنل لا بورڈ کو منظور ہوگا۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے اپنے صحافتی بیان میں فرمایا کہ اس وقت جو خبریں مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف منسوب کرکے کہی جارہی ہیں کہ درپردہ کوئی سازش چل رہی ہے اور ہندومذہب کے روحانی پیشوا شری شری روی شنکر سے ٹیلیفون یا بالمشافہ کوئی بات چیت ہوئی ہے یہ بالکل بے بنیاد اور من گھڑت خبر ہے ا سکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے اپنے بیان میں صاف اور واضح طور پر فرمایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ بابری مسجدقضیہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور بورڈ پوری طرح متفق ہے کہ ہم عدالت کے فیصلہ کا انتظار کریں گے اور اس کا بار بار اظہار کیا گیا ہے کہ عدالت عالیہ کا فیصلہ ہی ہمیں منظور ہوگا۔ آپ نے یہ بھی فرمایا کہ ماضی میں کئی بار بات چیت کا دور چلا اور ناکام ہوا مسلم پرسنل لا بورڈ اب بھی اس رائے پر قائم ہے کہ اگر ملک کی کوئی ذمہ دار شخصیت اس معاملہ میں غیرمشروط اور ٹھوس فارمولہ پیش کرتی ہے تو اسے مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ میں پیش کیا جائیگا اور بورڈ کی مجلس عاملہ جو طے کرے گی اس پر عمل کیا جائیگا۔بورڈ کے جنرل سکریٹری نے اپنے بیان میں یہ بھی فرمایا کہ چونکہ ۵؍دسمبر۲۰۱۷ء سے سپریم کورٹ میں اس معاملہ کی روزانہ شنوائی ہوگی اور اس کو متاثر کرنے کے لئے ملک کی فضا کو بگاڑنے کی سازش کی جارہی ہے تاکہ عدالت پر اس کا اثر ہو۔ آپ نے اس سلسلہ میں تمام مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ جوں جوں وقت قریب آئیگا افواہوں کا بازار گرم رہے گا وہ ان افواہوں پر قطعاً دھیان نہ دیں۔ مسلم پرسنل لا بورڈ اپنے موقف پر پوری قوت کے ساتھ قائم ہے اور قانونی چارہ جوئی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ تمام لوگ اس کے حق میں دعاؤں کا اہتمام فرمائیں اور ملک میں اس وقت جس طرح کی سازشیں رچی جارہی ہیں ان سے ہوشیار اور چوکنا رہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad